8 اکتوبر 2014 - 06:13
اسپتال بنانے سے کوئی سیاستدان نہیں بن جاتا،آصف زرداری

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کاکہنا ہے کہ اسپتال بنانے سے کوئی سیاستدان نہیں بن جاتا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کاکہنا ہے کہ اسپتال بنانے سے کوئی سیاستدان نہیں بن جاتا۔ پاکستان میں کئی لوگ ہیں جنہوں نے بڑے بڑے اسپتال بنائے، مانتا ہوں کہ میرے وزرائے اعظم سے غلطیاں ہوئیں،لیکن سیاست میں ایسا ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں لاہور دیہی ڈویژن اور نارووال ضلع کے کارکنوں کے اجلاس کی صدارت کی۔ اپنے خطاب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاست میں آئے ہیں تو صبر سے چلیں اور تجربہ حاصل کریں۔مفاہمت کی سیاست جمہوریت اور نظام کے تسلسل کیلئے ضروری ہے، یہ مت سمجھا جائے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے۔ وہ وقت آ گیا ہے جس کاانتظار تھا۔ اپنی تیاری کر رہے ہیں، جب چاہیں گے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کریں گے۔آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس میں گجرانولا ڈویژن کے عہدیداروں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر آصف زرداری کاکہنا تھا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے وزرائے اعظم سے غلطیاں ہوئیں، لیکن سیاست میں ایسا ہوتا ہے، نہیں چاہتے کہ آئندہ آنے والی نسلیں اپنی قیادت کو بے وقوف سمجھیں۔جانتا ہوں کہ بچے اور خواتین غربت کے باعث بک رہے ہیں، انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کے امیدواروں سے کہا تھا کہ یہ آپ کی ہار نہیں بلکہ ریٹرننگ آفیسرز کی جیت ہے۔اس سے قبل آصف زرداری نے ملتان کے حلقہ این اے 149 میں انتخابی مہم تیز کرنے کے لیے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدن کو ذمہ داری سونپ دی۔انہوں نے رہنماؤں کو دیگر جماعتوں سے رابطے کی ہدایت بھی کی۔

.......

/169